ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / منگلورو ایئر پورٹ پر ’پوسٹ کارڈ‘ ویب سائٹ کے مہیش ہیگڈے کو تین لڑکیوں نے تنگ کرڈالا! لڑکیوں نے وندے ماترم پڑھنے کی ضد کرڈالی

منگلورو ایئر پورٹ پر ’پوسٹ کارڈ‘ ویب سائٹ کے مہیش ہیگڈے کو تین لڑکیوں نے تنگ کرڈالا! لڑکیوں نے وندے ماترم پڑھنے کی ضد کرڈالی

Sat, 01 Feb 2020 14:34:16    S.O. News Service

 منگلورو یکم /فروری (ایس او نیوز) طیارے پر سفر کے دوران ریپبلک ٹی وی کے مالک اور صحافی ارنب گوسوامی کو کامیڈین کنال کامرا کی طرف سے مبینہ طور پر ’ہراساں‘ کیے جانے کے بعد  انڈیگو اور دیگر ایئرلائنز والوں نے ’ناپسندیدہ رویہ‘ کا مرتکب قرار دے کر کنال پر چھ مہینوں تک ان کے طیاروں میں سفر نہ کرنے کی پابندی  عائد کرنے کا اعلان کیا تھا، اب  اسی طرح کی ایک دوسری واردات مینگلور ایرپورٹ پر پیش آئی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق  منگلورو ایئرپورٹ پر جنوب کے ارنب گوسوامی کے طور پر بدنام ’پوسٹ کارڈ‘ ویب سائٹ کے مہیش کمار ہیگڈے کو تین لڑکیوں نے بڑے ہی دلچسپ انداز میں آڑے ہاتھوں لیا۔ اطلاع کے مطابق مہیش ہیگڈے ا ایئر پورٹ لاؤنج میں بیٹھا ہوا تھا کہ کرناٹکا کانگریس کی ترجمان کویتا ریڈی نے دو طالبات اور سماجی کارکنان نجمہ نذیر اور امولیا لیون کے ساتھ اس کے پاس پہنچیں اور اس سے بہت ہی مہذ ب انداز میں درخواست کی کہ وہ وندے ماترم‘ گاکر سنائے۔ انہوں نے اصرار کیا کہ اس کے ساتھ وہ تینوں بھی وندے ماترم گانے کے لئے تیار ہیں۔

 مہیش ہیگڈے اس صورتحال سے پریشان ہوگیا۔ وہ بس ذراسا مسکراتا رہا اور یہ لڑکیاں اس سے وندے ماترم گانے کے لئے اصرار کرتی رہیں۔ جب اس نے خاموشی نہیں توڑی تو امولیا لیون نے ہیگڈے سے پوچھا: ”کیا تمہیں پتہ ہے مہیش کہ گاندھی جی کا قتل کس وقت ہوا تھا؟ کیا تمہیں یاد ہے؟ “ اس پر بھی وہ خاموش رہا تو ایک اور خاتون نے طنز کیا:”تم تو فیس بک پر ہم سب کو بہت ہی ہراساں کرتے ہو۔“  

 کویتا ریڈی نے بتایا کہ ”ہم لوگ انڈیگو فلائٹ سے ممبئی جانے والے تھے۔ اس دوران ہمیں مہیش دکھائی دیا۔ ہم نے اس کے پاس پہنچ کر کچھ سوالات پوچھے۔ وہ ایک نارمل گفتگو تھی۔ وہ بس مسکراتا رہا۔ پھر کسی کو آواز دے کر اپنے پاس بلایا اور اس صورت حال سے نکال لے جانے کی درخواست کی۔ اور وہ وہاں سے اٹھ کر چلا گیا۔“

  کویتا کا کہنا ہے کہ ”وہ اپنے ویب سائٹ کے ذریعے ہر کسی کی تذلیل کیا کرتا ہے۔ وہ ٹی وی پر خواتین کے ساتھ بدسلوکی سے پیش آتا ہے۔ اس نے ایک بار ٹویٹ کیا تھا کہ جن لوگوں کو وندے ماترم گانا نہیں آتا، وہ لوگ ملک کے دشمن ہیں۔ اس لئے ہم نے اسے مہذب  انداز میں اس کا مزہ چکھانے کا فیصلہ کیا تھا۔“


Share: